کراچی (رم نیوز)ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ گل پلازہ کی آتشزدگی کو صرف شارٹ سرکٹ قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ عمارت کا تقریباً 40 فیصد حصہ گر چکا ہے اور اس کی حالت انتہائی خطرناک ہے۔ اب تک تقریباً 80 افراد جاں بحق جبکہ 86 افراد لاپتا ہیں۔ ملبے تلے ممکنہ لاشوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ڈی سی جنوبی کے مطابق 14 افراد کی شناخت ہوچکی ہے، جن میں 8 کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی گئی، جبکہ 48 افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوچکا ہے۔ فائر سیفٹی انتظامات نہ رکھنے والی 6 عمارتوں کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کو فائنل سرچ کا حکم دے دیا گیا ہے، جس کے بعد گل پلازہ کی عمارت مسمار کر دی جائے گی۔ عمارت کو خطرناک اور ناقابل استعمال قرار دیا جا چکا ہے۔