ایمازون میں بڑی چھانٹیاں متوقع، 14 ہزار ملازمین کی برطرفی ممکن

امریکہ (رم نیوز)امریکی ای کامرس کمپنی ایمازون آئندہ ہفتے بڑے پیمانے پر چھانٹیاں کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت تقریباً 14 ہزار کارپوریٹ ملازمین نوکریوں سے فارغ ہو سکتے ہیں۔ یہ چھانٹیاں کمپنی کے 30 ہزار ملازمین کے برطرفی ہدف میں شامل ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطرفیوں کا عمل آئندہ منگل سے شروع ہو سکتا ہے۔ متاثرہ شعبوں میں ایمازون ویب سروسز (AWS)، ریٹیل، پرائم ویڈیو اور ہیومن ریسَورسز شامل ہیں، تاہم حتمی فہرست میں تبدیلی کا امکان ہے۔ایمازون کے سی ای او اینڈی جیسی کے مطابق چھانٹیوں کی اصل وجہ کمپنی میں بڑھتی ہوئی بیوروکریسی اور اضافی انتظامی سطحیں ہیں، جبکہ پہلے یہ عمل مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے استعمال سے منسلک کیا گیا تھا۔

کمپنی کی کارپوریٹ ورک فورس کا تقریباً 10 فیصد حصہ اس اقدام سے متاثر ہوگا، اور یہ ایمازون کی 30 سالہ تاریخ میں سب سے بڑی چھانٹیاں ہوں گی۔ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی تقریباً 14 ہزار ملازمین کو فارغ کیا گیا تھا۔