بسنت تقریبات: سکولوں میں کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم، ایس او پیز نافذ

لاہور(رم نیوز)بسنت منانے کے سلسلے میں سکولوں میں کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جبکہ تقریبات کے لیے ضلعی سطح پر خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سکولوں کی چھتوں پر بسنت منانے کے لیے سخت ایس او پیز نافذ کیے گئے ہیں۔ پولیس، ریسکیو، ہیلتھ اور فائر بریگیڈ سے پیشگی رابطہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پرائمری جماعتوں کے طلبہ کی بسنت میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر جماعتوں کے طلبہ کے لیے والدین کی تحریری اجازت لازم ہوگی۔

ہدایت کے مطابق سکولوں کی چھتوں کی سیفٹی انسپکشن، گنجائش کی حد مقرر کرنا اور اساتذہ کی نگرانی میں تقریبات کا انعقاد ضروری ہوگا۔ ہر سکول میں فوکل پرسن کی تعیناتی، فرسٹ ایڈ اور ایمرجنسی ریسپانس کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ایس او پیز کے تحت صرف سادہ سوتی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ کیمیکل، نائلون، دھاتی اور شیشے لگی ڈور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بجلی اور انفراسٹرکچر سے متعلق حفاظتی اقدامات کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پتنگ کی ڈور کی صفائی اور مناسب تلفی کے انتظامات کیے جائیں گے، تمام اے ای اوز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ بسنت سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی اور رپورٹنگ لازم ہوگی۔

کمیٹیاں ضلعی انتظامیہ کو مجموعی رپورٹس پیش کریں گی اور ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔