مری(رم نیوز)شدید اور مسلسل برفباری کے باعث مری میں نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ہے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد سے مری آنے جانے والے تمام داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
کمشنر راولپنڈی کے مطابق برفباری کے باعث سڑکیں شدید پھسلن کا شکار ہیں اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے سے رابطوں میں دشواری کا سامنا ہے۔ مری میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے اور برف میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو 1122، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
ڈپٹی کمشنر مری کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے، تمام متعلقہ محکمے اور مشینری فیلڈ میں موجود ہیں جبکہ گنجائش سے زیادہ گاڑیوں کی آمد کے باعث مزید سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور جاری کردہ احتیاطی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے، جبکہ صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری ہے۔