لاہور(رم نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تین روزہ بسنت فیسٹیول 6 تا 8 فروری کے لیے منظم طریقے سے منانے کی اجازت دے دی ہے، تاہم عوام کی حفاظت کے لیے متعدد سخت حفاظتی شرائط بھی نافذ کی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق بسنت تہوار پنجاب کی ثقافت اور ورثہ ہے، اور اسے محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منانا ہر شہری کا حق ہے۔ لاہور کو ریڈ، ییلو اور گرین زون میں تقسیم کیا گیا ہے اور شہر میں 10 لاکھ بائیکوں پر سیفٹی راڈز نصب کیے جائیں گے۔
بسنت کے دوران صرف کاٹن کے دھاگوں والی ڈور استعمال کی جا سکے گی، نائیلون، دھاتی یا شیشے والی ڈور پر مکمل پابندی ہوگی۔ پتنگ کی زیادہ سے زیادہ لمبائی 35 انچ اور گڈا 40 انچ ہوگی، خلاف ورزی پر 5 سال قید اور 5 ملین روپے جرمانہ ممکن ہے۔
غیر قانونی پتنگ بازی کرنے والے والدین یا سرپرست بھی ذمہ دار ہوں گے۔ بسنت کے دوران پولیس، فائربریگیڈ، ایمبولینس اور ہیلتھ ٹیمیں ڈیوٹی پر رہیں گی، جبکہ کنٹرول روم، ڈرون اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ بھی فعال ہوگی۔
عوام کے لیے بسنت کے موقع پر فری بس، میٹرو، فیڈر بس اور رکشہ سروس فراہم کی جائے گی تاکہ شہری محفوظ طریقے سے تہوار منائیں۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ یہ حفاظتی اقدامات عوام کے تحفظ کے لیے ہیں، اور بسنت تفریح اور خوشی کے لیے ہے۔