میانمار کے وزیر خارجہ کی اسلام آباد آمد: دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے مذاکرات کا آغاز

اسلام آباد(رم نیوز)میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی سرکاری دورے پر وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔ ان کے اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور میانمار کے مابین سفارتی، معاشی اور سیاسی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ دفتر خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے میانمار کے ہم منصب کا شاندار استقبال کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر اہم ملاقاتیں طے ہیں، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔قوی امکان ہے کہ اس دورے کے دوران تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے لیے اہم دستخط کیے جائیں گے۔

اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میانمار کے ساتھ سیاسی اور معاشی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دوسری جانب تھان سوی نے شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ میانمار، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔