لاہور(رم نیوز)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بسنت کے موقع پر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے بسنت کیلئے مختص چھتوں کے مالکان سے شورٹی بانڈز لینے کا حکم دے دیا ہے۔
سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت اجلاس میں بسنت کے محفوظ اور پُرامن انعقاد سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ چھتوں پر گنجائش سے زائد افراد کو اجازت نہیں دی جائے گی اور پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کیلئے سیفٹی راڈز لازم ہوں گے، جبکہ بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ مانیٹرنگ کیلئے خصوصی پولیس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔