اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے تاہم بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت اور بھارت کے خلاف میچ کے معاملے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
طویل مشاورت کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی، تاہم 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔
حکومتی مؤقف کے مطابق بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ بنگلہ دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کے تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایونٹ سے باہر کر دیا تھا، جس کے بعد اسکاٹ لینڈ کو ٹی20 ورلڈ کپ میں شامل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے کل بروز پیر سری لنکا روانہ ہو گی، جبکہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی وجوہات پر مشاورت جاری ہے۔