پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے آج اجلاس، متعدد اہم بلز پیش کیے جائیں گے

اسلام آباد(رم نیوز)پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاسوں کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ سینیٹ کا اجلاس شام چار بجے ہوگا، جس کے لیے 23 نکاتی ایجنڈا ترتیب دیا گیا ہے۔

ایجنڈے کے مطابق سینیٹ میں وفاقی ملازمین بینیولنٹ فنڈ اور گروپ انشورنس، فوجداری قوانین، انسدادِ انسانی اسمگلنگ اور انسدادِ الیکٹرانک جرائم سے متعلق ترمیمی بل پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ، فیملی کورٹس اور اسلام آباد میں بچوں کے خلاف جسمانی سزا کی ممانعت سے متعلق بل بھی ایوان میں پیش ہوں گے۔ قومی اسمبلی سے منظور شدہ زکوٰۃ و عشر، الیکشنز اور البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد سے متعلق بل بھی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس شام پانچ بجے ہوگا، جس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔ اجلاس میں قانون سازی کے ساتھ ساتھ افغانستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ اور ملک میں پولیو کے نئے کیسز پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیے جائیں گے۔ پیمر ا ترمیمی بل 2025، اے پی پی کارپوریشن اور نیوزپیپرز ایمپلائز کنڈیشنز آف سروس سے متعلق ترمیمی بل بھی ایجنڈے میں شامل ہیں، جبکہ صدرِ مملکت کے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر مزید بحث ہوگی۔

اس کے علاوہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے، جو قومی اسمبلی کے اجلاس سے ایک گھنٹہ قبل منعقد ہوگا، جس میں قومی اسمبلی کے 24ویں سیشن کے ایجنڈے پر مشاورت کی جائے گی۔