پانی کا تحفظ قومی بقا کی ضمانت: وزیراعظم کا سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے آبی وسائل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبی ذخائر کا تحفظ پاکستان کی قومی سلامتی، ماحولیاتی استحکام اور سماجی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے مکمل، شفاف اور منصفانہ نفاذ پر پختہ یقین رکھتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ تمام فریقین بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کریں گے۔

ان کامزید کہنا تھا کہ آبی ذخائر نہ صرف خشک سالی کا مقابلہ کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ سیلاب جیسی قدرتی آفات کے خلاف ایک دفاعی حصار کا کام بھی کرتے ہیں۔پاکستان عالمی فورمز پر آبی وسائل کے منصفانہ اور پرامن استعمال کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا تاکہ خطے میں آبی سفارت کاری کو فروغ مل سکے۔موسمیاتی تبدیلیوں (Climate Change) کے تناظر میں پانی کی منصفانہ تقسیم اور ذخیرہ اندوزی کو حکومتی ترجیحات میں سرِفہرست رکھا گیا ہے۔