مغربی ہوائیں بلوچستان سے نکل گئیں، کوئٹہ سمیت کئی اضلاع میں سردی کی لہر، کراچی میں پارہ 12 ڈگری تک گرنے کا امکان

کوئٹہ/کراچی(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ بلوچستان میں بارش برسانے والا مغربی ہواؤں کا سلسلہ گزر چکا ہے، جس کے بعد صوبے کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے۔

بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہو گیا ہے، تاہم زیارت، قلات، مستونگ، سوراب اور قلعہ سیف اللہ میں موسم شدید سرد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں خنکی برقرار رہے گی۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمال سے چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔