اسلام آباد/لاہور(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہوگئی ہے۔مری، گلیات، سوات، دیر، مانسہرہ اور گلگت بلتستان میں برفباری کا امکان ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، سیالکوٹ اور جہلم میں بادل برسنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا، جبکہ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔لاہور عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں میں 7ویں نمبر پر آگیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 184 ریکارڈ ہوا، جبکہ ڈی ایچ اے فیز 8 میں یہ شرح خطرناک حد تک 423 تک جا پہنچی ہے۔وحدت روڈ پر اے کیو آئی 348 اور ٹھوکر نیاز بیگ میں 324 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔