اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان اور قازقستان کے درمیان تزویراتی تعلقات کو نئی جلا بخشنے کے لیے قازق صدر قاسم جومارت توکایووف کا دورہ پاکستان اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے۔ آج وزیراعظم ہاؤس میں ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس نے دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت کو واضح کر دیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، جس کے بعد مسلح افواج کے دستے نے صدر توکایووف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ قومی ترانوں کی گونج میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی کابینہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
سفارتی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے صدر قاسم جومارت نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا۔ یہ اقدام پاکستان کی "وسطی ایشیا سے جڑنے" کی پالیسی اور قازقستان کے ساتھ دیرپا شراکت داری کا مظہر ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر قاسم جومارت کی آمد پر انہیں شاہانہ پروٹوکول دیا گیا تھا، جس میں فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کا حصار اور نور خان ایئر بیس پر 21 توپوں کی سلامی شامل تھی۔ ماہرین اس دورے کو خطے میں تجارت، توانائی اور دفاعی تعاون کے حوالے سے انتہائی کلیدی قرار دے رہے ہیں۔