سکیورٹی خدشات: بلوچستان میں ٹرین اور انٹرنیٹ سروس پانچویں روز بھی بند

کوئٹہ (رم نیوز)بلوچستان میں امن و امان کی نازک صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ٹرین سروس اور موبائل انٹرنیٹ کی معطلی کا سلسلہ پانچویں روز بھی برقرار ہے، جس کے باعث عوام کو شدید سفری و مواصلاتی مشکلات کا سامنا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے ملک کے دیگر حصوں کو جوڑنے والی اہم ٹرینیں تاحال بند ہیں۔ پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس، کراچی کے لیے بولان میل اور کوئٹہ سے چمن کے درمیان چلنے والی چمن پسنجر کی سروسز معطل ہیں، جس کی وجہ سے سینکڑوں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔

ٹرینوں کے ساتھ ساتھ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس بھی مسلسل پانچویں روز بند ہے۔ انٹرنیٹ کی بندش سے آن لائن کاروبار، تعلیمی سرگرمیاں اور عام شہریوں کا رابطہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ سخت اقدامات سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔ سروسز کی بحالی کا فیصلہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔