لاہور(رم نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے 11ویں سیزن کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت میں 149 فیصد کا تاریخی اضافہ حاصل کر لیا ہے، تاہم اس بار بھارتی خطے کو نشریاتی حقوق کی فہرست سے مکمل طور پر خارج کر دیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 'والی ٹیکنالوجیز' نے مقررہ ریزرو قیمت سے کہیں زیادہ کی بولی لگا کر ایک سال کے لیے عالمی نشریاتی حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے اس پیشرفت کو لیگ کی بزنس گروتھ اور عالمی معیار پر دنیا کے اعتماد کی فتح قرار دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، اس بار کے معاہدے میں بھارتی خطے کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ گزشتہ برس کے تلخ تجربات کے بعد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 2024 میں بھارت کے ایک نیٹ ورک کے ساتھ تین سالہ معاہدہ ہوا تھا، لیکن گزشتہ سال پہلگام حملے کے بعد بھارتی براڈکاسٹرز نے یکطرفہ طور پر پی ایس ایل کی نشریات روک دی تھیں۔
حالیہ معاہدے میں بھارتی مارکیٹ کو شامل نہ کرنے کا مطلب ہے کہ اب کوئی بھی بھارتی چینل قانونی طور پر پی ایس ایل کے میچز نہیں دکھا سکے گا۔'والی ٹیکنالوجیز' کے سی ای او احسن طاہر نے اس معاہدے کو 'میڈ ان پاکستان' ٹیکنالوجی کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کے سفر کا محض آغاز ہے اور مستقبل میں پاکستانی شائقین کے لیے مزید بڑے منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔