پاک،قازقستان اقتصادی شراکت داری تجارت کا ہدف ایک ارب ڈالر مقرر، درجنوں معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان اور قازقستان نے باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک معاشی شراکت داری میں بدلنے کے لیے درجنوں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے ہیں۔ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک نے ایک سال کے اندر دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اقتصادی شعبہ کے تحت ٹرانزٹ ٹریڈ، کسٹم، بینکنگ، ریلوے، لاجسٹک اور بندرگاہوں کی ترقی کے معاہدے ہوئے ہیں۔جدید ٹیکنالوجی کی صورت میں مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل ترقی اور ورچوئل اثاثوں میں تعاون کا عزم کیاگیا ہے۔

توانائی و معدنیات کی صورت میں پٹرولیم اور کان کنی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیاگیا ہے۔ قیدیوں کے تبادلے، صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کی دستاویزات کا تبادلہ ہوا ہے۔ فریقین نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کرتے ہوئے ان معاہدوں کو وسطی ایشیا اور پاکستان کے درمیان معاشی رابطوں کی مضبوطی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔