راولپنڈی/کوئٹہ (رم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبے کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور دہشت گردی کے خلاف ریاست کے آہنی عزم کا اعادہ کیا۔دورے کے آغاز میں فیلڈ مارشل کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں، انہوں نے مقامی ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں زخمی ہونے والے پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کے افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح پیغام دیا کہ کسی بھی دہشت گرد یا اسے مدد فراہم کرنے والے سہولت کار کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔تشدد اور دہشت گردی کو کسی بھی منطق، جواز یا بہانے کے تحت درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ امن دشمن عناصر کے خلاف ملکی قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔فیلڈ مارشل نے مادرِ وطن کے دفاع میں غیر ملکی پشت پناہی رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف جوانوں کی بہادری اور ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔