اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دوٹوک اعلان کیا ہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کا بائیکاٹ کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ قومی مفاد اور عالمی کرکٹ میں ناانصافی کے خلاف ایک سوچا سمجھا ردعمل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک واضح سٹینڈ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اگرچہ کھیل کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے، لیکن جب بین الاقوامی سطح پر جانبداری دکھائی جائے تو خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔اس بڑے فیصلے کی بنیادی وجہ بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت بنگلہ دیش کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر رہا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش کے معاملے پر کیے گئے حالیہ جانبدارانہ فیصلے نے پاکستان کو یہ سخت قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان ہونے والی خصوصی ملاقات میں کیا گیا۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ سے دستبردار نہیں ہو رہا، بلکہ صرف 15 فروری کو بھارت کے خلاف ہونے والے میچ کا بائیکاٹ کرے گا۔
اس اقدام کا مقصد عالمی کرکٹ باڈی کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان اپنے برادر ممالک کے حقوق اور کرکٹ میں برابری کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔