اسلام آباد/کولمبو (رم نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہی پاکستانی کرکٹ شائقین نے روایتی طور پر 'کیلکولیٹر' نکال لیے ہیں اور حساب کتاب شروع کردیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے سری لنکا پہنچتے ہی گوگل پر "کولمبو کا موسم" سرچ کرنے کے رجحان میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کی وجہ محض کرکٹ سے محبت نہیں بلکہ ٹیم کے اگلے مرحلے تک رسائی کی فکر ہے۔
پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو اپنے دو قیمتی پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا۔پاکستان کا ٹورنامنٹ میں پہلا امتحان 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف ہے، جس کے لیے محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔
گوگل ٹرینڈز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ ’Weather in Colombo‘ اور ’SSC Weather‘ سرچ کیا ہے۔ شائقین کو خدشہ ہے کہ اگر نیدرلینڈز کے خلاف میچ بارش کی نذر ہو گیا تو پاکستان کو صرف ایک پوائنٹ ملے گا، اور بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی صورت میں سپر ایٹ (Super 8) مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔
سری لنکا میں بارش کے باعث میچز کا متاثر ہونا کوئی نئی بات نہیں، گزشتہ روز 4 فروری کو پاکستان اور آئرلینڈ کا وارم اپ میچ بھی بارش کی نذر ہو چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فینز نمیبیا، امریکہ اور نیدرلینڈز کے خلاف میچوں میں جیت کے ساتھ ساتھ آسمان کے صاف ہونے کی دعائیں بھی کر رہے ہیں۔
پاکستانی شائقین جانتے ہیں کہ اس بار ٹیم کی قسمت کا فیصلہ صرف میدان میں نہیں بلکہ 'پوائنٹس ٹیبل' اور 'بادلوں کی نقل و حرکت' پر بھی منحصر ہوگا۔