مظفرآباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے لیکن بھارت کی جارحیت کا جواب اسی کی زبان میں دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت اب پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، مگر کشمیریوں کی عظیم قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جب تک بھارت اپنے توسیع پسندانہ عزائم ترک نہیں کرتا، خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت عسکری اور سفارتی محاذ پر اپنا بیانیہ کھو چکا ہے اور اب بوکھلاہٹ میں بزدلانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کشمیری مہاجرین اور نوجوانوں کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا،مہاجرین کا ماہانہ وظیفہ 3500 سے بڑھا کر 6000 روپے کر دیا گیا۔مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس اور جدید خدمت سینٹر قائم کیا جائے گا۔ کشمیری طلبہ کے لیے مزید 1700 لیپ ٹاپس کی فراہمی کا اعلان،آزاد کشمیر کے سکولوں کی چھتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا حکم۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی مرضی میں پنہاں ہے۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین ہو یا کشمیر، عوام کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دینا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔
اجلاس سے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور سپیکر چودھری لطیف اکبر نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی مسلسل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔