راولپنڈی(رم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) نے بلوچستان میں بھارتی پشت پناہی سے چلنے والے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن 'رد الفتنہ-1' کی کامیاب تکمیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے نہایت مہارت اور دلیری سے کارروائی کرتے ہوئے 216 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردوں کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور آپریشنل صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق 'فتنہ الہندوستان' سے تھا جنہیں بیرونی سطح پر منظم سہولت کاری اور لاجسٹک مدد حاصل تھی ۔ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں سے بھاری مقدار میں غیر ملکی ساختہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 36 معصوم شہری شہید ہوئے، جبکہ ملک کی حفاظت کرتے ہوئے 22 بہادر سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن کی کامیابی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔یہ آپریشن بلوچستان کے عوام کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ انتشار کے بجائے ترقی اور تشدد کے بجائے امن کو ترجیح دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واضح کیا کہ "فتنہ الہندوستان" کے کارندوں کا انجام عبرتناک موت کے سوا کچھ نہیں۔