ٹی20 ورلڈ کپ تنازع: بنگلہ دیشی وزیر کھیل کا پاکستان کے جرات مندانہ فیصلے اور حمایت پر شکریہ

ڈھاکہ(رم نیوز)بنگلہ دیش کے وزیر برائے نوجوانان و کھیل، آصف نذرل نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے بھرپور اظہارِ یکجہتی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یہ شکریہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافی کے خلاف سخت موقف اپنایا ہے۔بنگلہ دیشی وزیر کھیل کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہارِ حمایت کے لیے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے کابینہ اجلاس میں واضح کیا کہ کھیلوں میں سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے اور پاکستان کا یہ فیصلہ بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والے سلوک کے ردعمل میں ہے۔بنگلہ دیش نے رواں سال 22 جنوری کو سکیورٹی وجوہات اور آئی سی سی کے غیر منصفانہ رویے کو بنیاد بنا کر ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

بنگلہ دیش کی جگہ اب سکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے، جو گروپ سی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 فروری کو اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔آصف نذرل کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے عالمی کرکٹ میں سکیورٹی، انتظامی شفافیت اور کھیلوں میں غیر جانبداری کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے اور یہ عالمی کرکٹ میں ایک نیا سفارتی موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔