نیویارک(رم نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم بی ایل اے (BLA) پر فوری پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور پاکستان اس جنگ میں فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستانی مندوب نے تشویش ظاہر کی کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیں اور طالبان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد ان تنظیموں کو نئی زندگی ملی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانیں قربان کیں اور بھاری معاشی نقصان اٹھایا۔عاصم افتخار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو دہشت گردی قرار نہیں دیا جا سکتا۔