اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’یومِ یکجہتی کشمیر‘ روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد مقبوضہ وادی کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے۔ ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیریوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کی جا رہی ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے اس دن کو منانے کی روایت ڈالی تھی۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر ادھورا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سیاسی رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے، تاہم پائیدار امن کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دیے بغیر ممکن نہیں ہے۔