اسلام آباد(رم نیوز)ازبکستان کے صدر شوکت مرزایئوف نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کو اپنا قریبی اور قابل اعتماد دوست قرار دے دیا ہے۔ اسلام آباد میں معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔
ازبک صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شاندار استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے "نشانِ پاکستان"، اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور پروفیسر شپ ملنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے، جسے وہ ایک بڑی ذمہ داری تصور کرتے ہیں۔
مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کے لیے اہم پروٹوکول پر دستخط کیے گئے۔
ازبکستان کی مائننگ یونیورسٹی میں ’نسٹ چیئر‘ قائم کی جائے گی، جبکہ اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرام بھی شروع ہوں گے۔سائنس و ٹیکنالوجی: دونوں ممالک سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اقتصادی اہداف حاصل کریں گے۔
ازبک صدر نے اپنے اجداد کی نسبت سے اسلام آباد میں ’بابر پارک‘ قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کرنے پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی استحکام کے لیے کاوشوں کو سراہا اور پاکستانی قوم کو رمضان المبارک کی پیشگی مبارکباد بھی دی۔