پاکستان کا بھارت سے کھیلنے سے انکار:''مالی نقصان سے بچائیں''، سری لنکا کی پی سی بی سے اپیل

کولمبو(رم نیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے سب سے بڑے مقابلے پر منڈلاتے بادلوں نے میزبان سری لنکا کو پریشان کر دیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کو خط لکھ کر بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، سری لنکا کرکٹ نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول پاک بھارت میچ کی منسوخی سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ناقابلِ تلافی مالی نقصان ہوگا۔میزبان بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت سے لے کر میزبانی کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔

اس میچ کی وجہ سے ملک میں آنے والی متوقع سیاحتی آمدن میں بڑی کمی کا خدشہ ہے۔سری لنکا نے پی سی بی کو یاد دلایا کہ مشکل ترین حالات میں بھی لنکن بورڈ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ خط میں استدعا کی گئی ہے کہ دونوں بورڈز کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور کرکٹ کے عالمی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کو اس ہائی پروفائل میچ میں شرکت کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کل (7 فروری) سے بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر شروع ہو رہا ہے۔ تاہم پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت یا دیگر وجوہات کی بنا پر روایتی حریف کے خلاف میدان میں نہ اترنے کے فیصلے نے آئی سی سی اور میزبانوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔