5 ہزار کا نوٹ رہے گا یا نہیں؟ سٹیٹ بینک کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

اسلام آباد(رم نیوز)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 5 ہزار روپے کے بڑے کرنسی نوٹ کی بندش کے حوالے سے زیرِ گردش تمام خبروں کو محض افواہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ قائمہ کمیٹی خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک محمد جمیل نے واضح کیا کہ اس وقت 5 ہزار کا نوٹ ختم کرنے کی کوئی تجویز حکومت یا بینک کے زیرِ غور نہیں ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک نے نوٹوں کی بندش کی تردید تو کی، مگر ساتھ ہی ایک بڑی تبدیلی کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 10 روپے سے لے کر 5 ہزار روپے تک کے تمام نوٹوں کے ڈیزائن تبدیل کیے جا رہے ہیں۔

مرکزی بینک کے بورڈ نے نئے نوٹوں کے دیدہ زیب ڈیزائن اور بین الاقوامی معیار کے سیکیورٹی فیچرز کی منظوری دے دی ہے۔نئے نوٹوں کے حتمی ڈیزائن پر وفاقی کابینہ سے جلد منظوری لی جائے گی، جس کے بعد ان کی چھپائی کا عمل شروع ہوگا۔

بریفنگ کے دوران معیشت کے حوالے سے ایک اہم ڈیٹا بھی شیئر کیا گیا، جس کے مطابق اس وقت ملک میں 13 ہزار ارب روپے کی کرنسی گردش میں ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے سٹیٹ بینک کو پابند کیا ہے کہ وہ آئندہ اجلاس میں تمام نئے ڈیزائن کردہ نوٹوں کے نمونے کمیٹی کے سامنے پیش کرے۔