لاہور (رم نیوز) آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے پولیس کو 'بیٹل الرٹ' پر رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ 6 سے 8 فروری تک جشنِ بسنت کو صرف قانون کے دائرے میں منانے کی اجازت ہوگی۔
انسپکٹر جنرل پنجاب نے لاہور پولیس کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔
ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور فحاشی پھیلانے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔کیمیکل اور دھاتی ڈور کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی ہوگی، اس معاملے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ایئرپورٹ اور حساس تنصیبات کے قریبی علاقوں میں پتنگ بازی پر سخت پہرہ رہے گا تاکہ فضائی سفر اور قومی املاک محفوظ رہیں۔
آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بسنت کو حادثات سے پاک بنانے کے لیے پولیس کا ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں اور خوشی کے اس تہوار کو سوگ میں تبدیل ہونے سے بچائیں۔