8 فروری ’یومِ سیاہ‘: پی ٹی آئی کا ملک گیر شٹر ڈاؤن اور مغرب کے بعد مشعل بردار ریلیوں کا اعلان

اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو انتخابی دھاندلی کے خلاف ملک گیر پرامن ہڑتال اور احتجاجی تحریک کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ پارلیمانی اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، احتجاج کا دائرہ کار چاروں صوبوں تک پھیلایا جائے گا اور نمازِ مغرب کے بعد عوام سڑکوں پر مشعل بردار ریلیاں نکال کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

اجلاس کے دوران علی محمد خان اور دیگر رہنماؤں نے واضح کیا کہ احتجاج سے زیادہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی اور صحت اہم ہے۔ رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں میں تکلیف کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شوکت خانم کے ڈاکٹروں کو فوری طور پر ان تک رسائی دی جائے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یہ ہمارے لیے 100 فیصد ترجیح ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں ایک بڑا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی (بہنوں) پر تنقید کرنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے مشعال یوسفزئی کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رہنما کو پارٹی پالیسی سے ہٹ کر جملے کسنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاق سے صوبے کے واجب الادا فنڈز کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا۔بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔تیمور سلیم جھگڑا نے سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا، تاہم واضح کیا کہ 8 فروری کے گناہ کا احتساب ریاست کی ذمہ داری ہے۔