اسلام آباد،ترلائی میں امام بارگاہ پر خودکش حملہ

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا علاقہ ترلائی خودکش دھماکے سے لرز اٹھا، جہاں ایک امام بارگاہ کے داخلی راستے پر ہونے والے حملے میں 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، حملہ آور نے ترلائی میں واقع مسجد خدیجہ الکبریٰ (امام بارگاہ) کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے فوراً بعد پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

آئی جی اسلام آباد کی جانب سے شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔پمز (PIMS)، پولی کلینک اور سی ڈی اے اسپتال کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کا فوری تعین کیا جائے،زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں بدامنی پھیلانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔