بھارت پسِ پردہ دہشت گردی کے نیٹ ورک چلا رہا ہے، داعش اور طالبان کو ٹارگٹ دہلی سے مل رہے ہیں: محسن نقوی

اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے پیچھے براہِ راست بھارت ملوث ہے، جو پسِ پردہ رہ کر کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کر رہا ہے۔ اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ داعش اور طالبان جیسے گروہوں کو فنڈنگ اور حملوں کے اہداف (Targets) بھارت فراہم کر رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ بھارت نے گزشتہ مئی کے بعد سے دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اپنا بجٹ تین گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہابھارت چاہے اپنا بجٹ 10 گنا بھی بڑھا لے، ہم اسے ہر محاذ پر شکست دیں گے۔ بھارت براہِ راست جنگ جیتنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، اس لیے اب بزدلانہ نیٹ ورکس کے ذریعے پاکستان کو نشانہ بنا رہا ہے۔محسن نقوی نے بتایا کہ اسلام آباد کے حالیہ خودکش حملے کی مکمل منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی۔سکیورٹی اداروں نے حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ماسٹر مائنڈ کا تعلق داعش سے ہے اور وہ اس وقت سکیورٹی اداروں کی حراست میں ہے۔