ملکی دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، دہشت گردی کے خلاف ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں: بیرسٹر گوہر

بونیر (رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی خیر خواہ ہے اور پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کے سامنے اپنی ریاست اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ بونیر میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ معیشت، دفاع اور قومی سلامتی پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک بھر کے ہر ضلع میں احتجاج کرنا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ہمیں خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب اور بلوچستان سے بھرپور عوامی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ آج کے احتجاج کا مقصد مبینہ طور پر چوری کیے گئے عوامی مینڈیٹ کو مسترد کرنا اور اسے واپس لینے کی جدوجہد کرنا ہے۔

دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھ ہم نے دہشت گردی پر کبھی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم امن کے حامی ہیں اور ملک کی سلامتی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کا نقصان نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ پاکستان کے وقار کی بات کی ہے اور ہم ہر اس اقدام کی حمایت کریں گے جو ملک کو معاشی اور دفاعی طور پر مضبوط بنائے۔