اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر غزہ کی صورتحال میں بہتری اور قیامِ امن کے لیے ہونے والے اہم ترین اجلاس ’غزہ بورڈ آف پیس‘ میں شرکت کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اجلاس عالمی سفارتی کوششوں کے ایک نئے مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ اہم اجلاس 19 فروری کو منعقد ہوگا جس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔اجلاس کی اہمیت کے پیشِ نظر پاکستان کی جانب سے وزیراعظم یا نائب وزیراعظم ملک کی نمائندگی کریں گے۔
اجلاس کے دوران غزہ میں جاری انسانی بحران، مستقل امن و استحکام کے لیے ضروری اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔عالمی مبصرین پاکستان کی اس شرکت کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قیامِ امن کا عزم: پاکستان کی شرکت خطے میں امن کے قیام کے لیے اس کے دیرینہ اور اصولی مؤقف کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان عالمی فورمز پر غزہ کے انسانی بحران کے حل کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتا رہا ہے، اور اس بورڈ کا حصہ بننا ان کوششوں کو عملی شکل دے گا۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے شروع کیے گئے اس امن عمل میں پاکستان کا شامل ہونا ملکی سفارتی ساکھ کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔