ٹی 20 ورلڈ کپ: پاک بھارت ٹاکرے کا معاملہ ، حتمی فیصلہ وزیراعظم کی عدالت میں،اگلا قدم کیا ہوگا؟

لاہور(رم نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے سب سے بڑے مقابلے کا مستقبل کھٹائی میں پڑ گیا۔ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو منانے کی تمام کوششیں فی الحال بے سود ثابت ہوئی ہیں، جس کے بعد حتمی فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کرنا ہے۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے اعلان نے آئی سی سی کے ایوانوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ لاہور میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نے پی سی بی کے سامنے مالی نقصانات اور عالمی دباؤ کا نقشہ کھینچا، تاہم محسن نقوی نے دوٹوک موقف اپنایا کہ بنگلہ دیش کے سیکیورٹی خدشات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

حکومتی پالیسی: چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ بھارت سے کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ خالصتاً ریاستی معاملہ ہے، جس کا اختیار صرف وزیراعظم کے پاس ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے پاکستان کے مضبوط موقف کو سراہتے ہوئے اسے کرکٹ کی تاریخ میں ایک بڑی حمایت قرار دیا ہے۔

اماراتی اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے پاکستان سے باضابطہ رابطہ کر کے 15 فروری کے میچ پر نظرثانی کی اپیل کی ہے تاکہ ایونٹ کی مالی ساکھ بچائی جا سکے۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی آئندہ 24 گھنٹوں میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں آئی سی سی کی درخواست اور خطے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے کر یہ طے کیا جائے گا کہ آیا پاکستان اپنے فیصلے پر قائم رہے گا یا کسی درمیانی راستے پر اتفاق کرے گا۔