لاہوریوں نے روایت زندہ کر دی: تین روزہ 'سیف بسنت' میلہ جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر

لاہور(رم نیوز)لاہوریوں نے روایت زندہ کردی۔ لاہور کے آسمان پر تین روز تک رنگ برنگی پتنگوں کا راج رہنے کے بعد رنگارنگ بسنت میلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ حکومتی ایس او پیز کے تحت منائے گئے اس میلے میں شہریوں نے خوب پیچ لڑائے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محفوظ بسنت کے انعقاد پر لاہوریوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پرپیغام میں شہریوں کے نظم و ضبط کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لاہوریوں نے ضوابط پر عمل کر کے حکومت کے اعتماد کی لاج رکھی ہے۔ انہوں نے لکھاکہ ہوا کے دوش پر پتنگوں کی آنکھ مچولی اور پیچوں پر پیچ لڑانا ہی اصل خوشی ہے، لیکن اس بار خوشی کے ساتھ ساتھ حفاظت کے تصور کو بھی پوری طرح اپنایا گیا۔

حکومت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ حادثے سے نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے تھے۔ لبرٹی اور اندرون شہر سمیت اہم مقامات پر 200 موبائل کلینکس تعینات کیے گئے تھے۔بسنت کے تینوں روز 21 فیلڈ ہسپتال الرٹ رہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری امداد دی جا سکے۔ چھتوں پر حفاظتی جنگلے اور دھاتی ڈور کے استعمال پر پابندی جیسے اقدامات کو یقینی بنایا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور میں 'سیف بسنت' کا کامیاب ماڈل اب صوبے کے دیگر شہروں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہمیشہ احتیاط کا دامن تھامے رکھیں تاکہ ثقافتی تہواروں کی رونقیں جانی نقصان کے بغیر بحال رہ سکیں۔