بلوچستان میں برفباری کا الرٹ: زیارت اور قلات میں پارہ منفی تک گر گیا، کئی اضلاع میں بارش کی پیش گوئی

کوئٹہ (رم نیوز)محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری اور مختلف مقامات پر بارش کا نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں مطلع مکمل طور پر ابر آلود ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر درج ذیل علاقوں میں موسم کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں برفباری ، ژوب، موسیٰ خیل، مستونگ، قلات، تربت، چاغی، گوادر اور خاران میں بارش کا امکان ہے ۔صوبے کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق وادی زیارت اور قلات اس وقت شدید ترین سردی کی لپیٹ میں ہیں۔زیارت اور قلات میں درجہ حرارت منفی 1°C ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم پارہ 0°C رہا۔ ژوب میں 4، چمن میں 6 اور نوکنڈی میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔سبی میں 12 اور تربت میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا۔

بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی خنکی برقرار ہے۔ گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 13 جبکہ جیوانی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے سیاحوں اور مسافروں کو الرٹ کیا ہے کہ وہ برفباری اور مطلع ابر آلود ہونے کے باعث سفر کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔