تہران(رم نیوز)ایران نے نوبیل انعام یافتہ انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی کو مجموعی طور پر ساڑھے 7 سال قید کی نئی سزا سنا دی ہے۔نرگس فاؤنڈیشن کے مطابق، 53 سالہ نرگس محمدی کو قومی سلامتی کے خلاف سازش پر 6 سال اور حکومتی پراپیگنڈے پر ڈیڑھ سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ قید کے ساتھ ساتھ ان پر دو سال کی اندرونی جلاوطنی اور دو سال کی سفری پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ نرگس محمدی کو 2023 میں امن کا نوبیل انعام دیا گیا تھا۔ انہیں گزشتہ برس دسمبر میں وکیل خسرو علی کردی کی مشتبہ موت کے خلاف آواز اٹھانے اور اشتعال انگیز بیانات کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت مشہد کی جیل میں قید ہیں جہاں انہوں نے حال ہی میں ایک ہفتے کی بھوک ہڑتال بھی کی تھی۔