نوشہرو فیروز(رم نیوز)سندھ کے علاقے محراب پور میں مال بردار ٹرین کو بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹرین کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ 5 بوگیاں الٹ گئیں۔ حادثے کے باعث ملک بھر میں ٹرینوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے۔
کراچی سے پنجاب جانے والی مال بردار ٹرین کو دیپارجہ پھاٹک کے مقام پر حادثہ پیش آیا۔ بوگیاں الٹنے کی وجہ سے ریلوے کا 'اپ اینڈ ڈاؤن' ٹریک مکمل طور پر بلاک ہو گیا ہے، جس سے مسافر اور مال بردار ٹرینوں کا پہیہ تھم گیا ہے۔ریلوے انتظامیہ نے حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے وقوعہ کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کو صاف کرنے اور ٹریفک کی بحالی میں 8 سے 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ ٹریک بند ہونے کے باعث مختلف شہروں سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو قریبی بڑے سٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔