کراچی(رم نیوز)عالمی مارکیٹ میں ہونے والے تغیر و تبدل کے نتیجے میں پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے قیمتی دھاتوں کی خریداری عام خریدار کی پہنچ سے مزید دور ہو گئی ہے۔آج مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تولہ سونا 3,005 روپے مہنگا ہونے کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 24 ہزار 762 روپے ہو گئی ہے۔ 10 گرام سونا 4,544 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 49 ہزار 898 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔ چاندی فی تولہ چاندی بھی 346 روپے مہنگی ہو کر 8,615 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں فی اونس سونا 53 ڈالر کے اضافے سے 5,020 ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ پیر کے روزسپاٹ گولڈ 1.3 فیصد اضافے کے ساتھ 5,026 ڈالر جبکہ امریکی فیوچر مارکیٹ میں اپریل ڈیلیوری کا سونا 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 5,046 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ماہرینِ معیشت کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اس حالیہ اضافے کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہے۔ فروری کے اوائل کے بعد ڈالر اپنی کم ترین سطح پر آ گیا ہے، جس کی وجہ سے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ سونے کی جانب مبذول ہوئی اور طلب بڑھنے سے قیمتوں میں یہ بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔