ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا گرین سگنل، عالمی دباؤ اور سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں

اسلام آباد(رم نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سب سے بڑے مقابلے کے حوالے سے جاری غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے۔ پاکستان نے عالمی سطح پر کی جانے والی بار بار کی درخواستوں اور سفارتی رابطوں کے بعد بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ دونوں روایتی حریف 15 فروری کو گروپ اے کے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔پاکستان نے یہ سخت فیصلہ بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کے خلاف احتجاجاً کیا تھا۔

بنگلہ دیش نے بھارت میں سیکیورٹی خدشات پر وینیوز کی تبدیلی مانگی، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا۔بنگلہ دیش کی دستبرداری کے اعلان پر آئی سی سی نے ایونٹ سے نکال کر اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا۔

پاکستان نے آئی سی سی کے اس اقدام کو 'دہرا معیار' قرار دیا اور بنگلہ دیش سے یکجہتی کے لیے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کر کے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی تھی۔

پاکستان کو منانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر بڑی دوڑ دھوپ کی گئی۔ اعلیٰ سطح اجلاس: آئی سی سی کی ڈپٹی چیئرمین، صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور چیئرمین پی سی بی کے درمیان 4 گھنٹے سے زائد طویل ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

سری لنکا کے صدر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی رابطہ کر کے درخواست کی کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ واپس لے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے کرکٹ فینز اور عالمی برادری کی درخواستوں کے پیشِ نظر کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب دونوں ٹیمیں طے شدہ شیڈول کے مطابق میدان میں اتریں گی، جس کا پوری دنیا کو شدت سے انتظار ہے۔