واشنگٹن (رم نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی کے پیشِ نظر امریکہ نے خطے میں اپنی عسکری طاقت دوگنی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ ممکنہ تصادم اور بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث دوسرے طیارہ بردار بحری بیڑے کی تعیناتی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں
۔امریکی حکام کے مطابق 'کیریئر سٹرائیک گروپ' کو ریڈ الرٹ کر دیا گیا ہے اور اسے کسی بھی وقت روانگی کے لیے تیار رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پینٹاگون کی جانب سے تعیناتی کا باضابطہ حکم نامہ آئندہ چند گھنٹوں میں جاری کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد یہ بیڑا مشرقِ وسطیٰ کی جانب کوچ کرے گا۔پینٹاگون کے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ غیر معمولی اقدام ایران کی جانب سے ممکنہ فوجی خطرات اور خطے میں بڑھتی ہوئی بے چینی کے جواب میں کیا جا رہا ہے۔
دفاعی ماہرین اسے ایران کے خلاف کسی بڑی فوجی کارروائی کی پیشگی تیاری اور تزویراتی دباؤ بڑھانے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے موجود امریکی جنگی بیڑے کے ساتھ ایک اور بڑے بحری گروپ کی شمولیت سے خطے میں دفاعی توازن تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ اس پیش رفت نے عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور سفارتی حلقوں میں اسے بڑے مسلح تصادم کا پیش خیمہ سمجھا جا رہا ہے۔