نئے پارلیمانی سال کا بگل بج گیا: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس مارچ کے پہلے ہفتے میں طلب کیے جانے کا امکان

اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان میں نئے پارلیمانی سال کے باقاعدہ آغاز کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مارچ 2026 کے پہلے ہفتے میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے جانے کا قوی امکان ہے، جس کے لیے وزارتِ پارلیمانی امور نے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔

آئینی تقاضوں کے مطابق، نئے پارلیمانی سال کا آغاز صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ ایوانوں سے خطاب سے ہوتا ہے۔ اس اہم اجلاس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان سے خطاب کریں گے، جس کے ساتھ ہی پارلیمنٹ کا نیا کیلنڈر سال شروع ہو جائے گا۔

وزارتِ پارلیمانی امور نے مشترکہ اجلاس کے انعقاد کے لیے ضروری فائلیں اور ایجنڈا تیار کر لیا ہے۔ صدر کے خطاب کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پیش کی جائے گی، جس پر آنے والے دنوں میں تفصیلی بحث ہوگی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس ملکی سیاسی منظرنامے میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ صدر کا خطاب حکومت کی مستقبل کی پالیسیوں اور قانون سازی کے اہداف کا تعین کرے گا۔