پنجاب میں ٹریفک اصلاحات کا نیا دور: شواہد پر مبنی ’ون ایپ‘ سسٹم کا افتتاح

لاہور (رم نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک انفورسمنٹ کے جدید ترین ڈیجیٹل نظام ’’ون ایپ‘‘ کا افتتاح کر دیا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار متعارف کرائے گئے اس سسٹم کے تحت اب چالان محض الزامات پر نہیں بلکہ ناقابلِ تردید ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر ہوں گے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس نئے انٹیگریٹڈ سسٹم سے ٹریفک وارڈن کی صوابدیدی طاقت ختم اور شفافیت قائم ہوگی۔

ہر ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو ریکارڈ کی جائے گی جو محفوظ اور قابلِ تصدیق ہوگی۔ چالان کے ساتھ یہ ویڈیو ثبوت کے طور پر منسلک رہے گی۔ ایپ کے ذریعے موقع پر ہی شناختی کارڈ، لائسنس، گاڑی کی ملکیت، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی فوری تصدیق ممکن ہوگی۔ شہریوں کو ان کی خلاف ورزی کی تمام تفصیلات QR Code کے ذریعے ان کے موبائل پر فوری موصول ہو جائیں گی۔

اس ایپ کا دائرہ کار صرف ٹریفک تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ تجاوزات اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھی اسی ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل کارروائی ہوگی۔پولیس سسٹم سے منسلک ہونے کی وجہ سے مشکوک گاڑیوں اور کریمنل ریکارڈ (FIR Status) کی چیکنگ بھی موقع پر ہو سکے گی۔

ڈی آئی جی محمد وقاص نذیر نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں پوائنٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا، جہاں بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے پوائنٹس کٹنے پر ان کا لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔ اس نظام کا مقصد بلا امتیاز قانون کا نفاذ اور سڑکوں پر حادثات میں کمی لانا ہے۔