بنگلہ دیش: 300 میں سے 299 نشستوں پر پولنگ کیوں؟

ڈھاکہ(رم نیوز )بنگلہ دیش میں آج ہونے والے عام انتخابات میں ملک بھر کے 300 کے بجائے 299 پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ حلقہ شیر پور3 (Sherpur3) میں ایک امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔بنگلہ دیشی قوانین کے تحت اگر انتخابی مہم کے دوران یا پولنگ سے قبل کسی مستند امیدوار کا انتقال ہو جائے تو اس حلقے میں انتخابات منسوخ کر دیے جاتے ہیں۔

شیر پور-3 سے تعلق رکھنے والے امیدوار کے اچانک انتقال کے بعد الیکشن کمیشن نے اس نشست پر پولنگ ملتوی کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ملک کے دیگر تمام 299 حلقوں میں پولنگ کا عمل شیڈول کے مطابق جاری ہے جہاں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق شیر پور3 میں انتخاب کے لیے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا اور وہاں نئے سرے سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا موقع بھی دیا جا سکتا ہے۔

ایک نشست پر انتخاب ملتوی ہونے کے باوجود حکومت سازی کے لیے مطلوبہ سادہ اکثریت (151 نشستیں) کا معیار برقرار رہے گا۔ بنگلہ دیش میں آج ہونے والے ان انتخابات کو 'جولائی انقلاب' کے بعد ملک کا سب سے بڑا سیاسی امتحان قرار دیا جا رہا ہے، جس میں روایتی سیاسی خاندانوں کی غیر موجودگی میں نئی قیادت کے ابھرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔