اسلام آباد (رم نیوز)جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ عیدالفطر کے بعد ملک گیر عوامی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، جس کے سلسلے میں چاروں صوبوں کا دورہ کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ مشترکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ میں 70 ہزار سے زائد فلسطینیوں کا خون بہایا جا چکا ہے، جس کے پیش نظر 19 فروری کو "غزہ امن بورڈ" کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے، اور غزہ امن بورڈ کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔