بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں کروں گا نہ کرنے دوں گا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور (رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں کروں گا اور نہ ہی کسی کو کرنے دوں گا، ان کی صحت سیاست سے بڑھ کر ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ 'ایکس' پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کے لیے قوم میں پائے جانے والے غم و غصے کا احساس ہے، لیکن ہمیں اس جذبے کو اپنی کمزوری نہیں بلکہ طاقت بنانا ہے اور نازک وقت میں اعصاب مضبوط رکھ کر حکمت عملی سے آگے بڑھنا ہے۔

سہیل آفریدی نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی صحت کے ساتھ مذاق ناقابل معافی فعل ہے، اور ان کا بہترین علاج ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق عمران خان کا علاج 16 فروری تک یقینی بنایا جائے گا، جس کے لیے ان کے ذاتی معالج کی نگرانی اور فیملی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کارکنوں کو پُرامن رہنے اور انتشار پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عمران خان کی فیملی اور جماعت کسی خبر کی تصدیق نہ کرے، کسی پروپیگنڈے پر یقین نہ کیا جائے۔