ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا؛ بھارت فاتح، پاکستان کا بیٹنگ آرڈر ریت کی دیوار ثابت

کولمبو (رم نیوز)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر میدان مار لیا۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18ویں اوور میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں، سلمان علی آغا اور سوریا کمار یادیو نے مصافحہ نہیں کیا، جس نے میدان کا درجہ حرارت مزید بڑھا دیا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 175 رنز بنائے۔ ایشان کشن 77 رنز بنا کر سب سے نمایاں رہے جبکہ سوریا کمار یادیو نے 32 رنز کی باری کھیلی۔صائم ایوب نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین آفریدی اور عثمان طارق کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی شروعات مایوس کن رہی۔ بابر اعظم 5، صاحبزادہ فرحان 0 اور کپتان سلمان آغا محض 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔محمد عثمان نے 44 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، تاہم دوسرے اینڈ سے ساتھ نہ ملنے کے باعث پاکستان کو بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان نے کوئی تبدیلی نہیں کی تھی جبکہ بھارت نے کلدیپ یادیو اور ابھیشیک شرما کو شامل کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط کیا۔ اس جیت کے ساتھ بھارت نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔