اسلام آباد(رم نیوز) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور انہیں فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا جائے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جاری احتجاجی دھرنے کے تیسرے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکینِ اسمبلی کا یہ دھرنا صرف بانی پی ٹی آئی کی صحت کی خاطر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہماری 30 سالہ جدوجہد اور عمران خان کے ساتھ رشتہ ایک عظیم مقصد کے لیے ہے۔ : اسد قیصر کے مطابق پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کا فیصلہ محمود خان اچکزئی اور تمام اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کا مطالبہ ہے کہ جیل میں طبی سہولیات کے بجائے عمران خان کو کسی مستند ہسپتال میں منتقل کر کے ان کا معائنہ کرایا جائے۔ سابق سپیکر نے کہا کہ ہم اپنے مقصد کے حصول تک پارلیمنٹ کے سامنے سراپا احتجاج رہیں گے۔