پاک سری لنکا تعلقات میں بڑی پیش رفت: پاکستانیوں کے لیے ویزا پابندیاں ختم، سری لنکن صدر کا فوری حکم

کولمبو (رم نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے اہم ملاقات کی، جس کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں کے لیے سری لنکن ویزا کے حصول میں حائل رکاوٹیں ختم کر دی گئی ہیں۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔ دورانِ ملاقات محسن نقوی نے سری لنکن صدر کو پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا مشکلات اور پیچیدہ عمل سے آگاہ کیا۔

جس پر صدر انورا کمارا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو (پابندیوں والی) تمام فہرستوں سے نکالنے کا حکم جاری کر دیا۔ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ دونوں رہنماؤں نے انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ تربیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ محسن نقوی نے پاک سری لنکا تعلقات کی مضبوطی کے لیے سری لنکن صدر کے کردار کو سراہا، جبکہ سری لنکن صدر نے اعلان کیا کہ ان کی وزیراعظم بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔

محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سری لنکن صدر کو دورہ پاکستان کا باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا۔ سری لنکن صدر نے کولمبو میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے فیصلے پر پاکستانی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اسے خیر سگالی کا بڑا جذبہ قرار دیا۔سری لنکن حکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز بھی موجود تھے۔