لاہور(رم نیوز) ماہرین صحت نے انکشاف کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران کھجور سے روزہ افطار کرنے کی روایت محض ایک رواج نہیں بلکہ انسانی جسم کی فوری بحالی کا ایک مکمل سائنسی نظام ہے۔ ماہرِ غذائیت کے مطابق کھجور میں سادہ شکر اور پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس کا امتزاج ہوتا ہے۔ یہ خون میں شوگر کی سطح کو فوری طور پر نارمل کرتی ہے، جس سے روزے دار کی نقاہت منٹوں میں ختم ہو جاتی ہے۔
کھجور میں موجود پوٹاشیم جسمانی خلیوں کے لیے 'واٹر میگنیٹ' کا کام کرتا ہے۔ یہ پانی کو خلیوں میں جذب کر کے پیاس کی شدت اور جسمانی خشکی کو دور کرتا ہے۔ فائبر (ریشہ) سے بھرپور ہونے کے باعث کھجور آنتوں کی حرکت کو فعال کرتی ہے۔ اس سے افطار کے بعد ہونے والی قبض اور پیٹ پھولنے جیسی شکایات کا خاتمہ ہوتا ہے۔ وہ افراد جو کھجور کے ذائقے یا ساخت کی وجہ سے اسے براہِ راست نہیں کھا سکتے، ماہرین انہیں اسے دودھ، دہی یا خشک میوہ جات کے ساتھ 'شیک یا سموتھی' کی صورت میں لینے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ وٹامن A، B6 اور آئرن کی ضروری مقدار حاصل کی جا سکے۔